ملک میں دو ہفتے مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کے بعد حالیہ ہفتے بھی ہفتہ وار مہنگائی میں 0.12 فیصد اضافہ ہوگیا ہے اور سالانہ بنیاد پر بھی مہنگائی 3.20 فیصد ہوگئی ہے.

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 21 اشیائے ضروریہ مہنگی، 8 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ انڈے 1.44 فیصد، پیاز 2.20فیصد، آلو 3.73 فیصد، ٹماٹر 0.05 فیصد،کیلے 0.21 فیصد، دال چنا 1.51 فیصد، دال مسور 0.38 فیصد اور دال ماش کی قیمت میں 0.65 فیصدکمی واقع ہوئی ہے۔

 

اسی طرح چکن کی قیمت میں 2.86 فیصد، سرخ مرچ پاوڈر کی قیمت میں 1.01 فیصد، لہسن کی قیمت میں 2.44 فیصد، چائے کی قیمت میں0.73 فیصد، آٹے کی قیمت میں5.07 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں 0.88 فیصد، چینی کی قیمت میں 0.58 فیصد، بریڈ کی قیمت میں 0.51 فیصد، جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 0.25 فیصد اور باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمت میں 0.41 فیصد اضافہ ہوا۔